شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وطن عزیز میں یوم دفاع ملی اور روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے


شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وطن عزیز میں یوم دفاع ملی اور روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں صبح کا آغاز ہمیشہ کی طرح پاک سر زمین کی سلامتی کے لئے دعاؤں اور اس کے تحفظ کی خاطر جان قربان کرنے کے عزم سے ہوا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، آج ملک بھر میں یوم دفاع مناتے ہوئے وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے راہ حق کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

آج اس عہد کی تجدید کی جا رہی ہے کہ اس مٹی کے بیٹے اپنے لہو کا ہر قطرہ بہا دیں گے مگر پاکستان کی سلامتی پر کبھی آنچ نہ آنے دیں گے۔

6 ستمبر 1965 کو رات کی تاریکی میں دشمن کی جانب سے کئے گئے حملے کا پاک فوج کے بہادروں نے منہ توڑ جواب دیا تھا اور اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، یوم دفاع کے موقع پر آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔.

یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں ملک بھر میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔  مقررین اپنی تقاریر میں 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہدا کے جذبہ حب الوطنی پر روشنی ڈالیں گے اور ان کی یادگاروں پر پھول بھی چڑھائے جائیں گے۔

لاہور میں یوم دفاع کے حوالے سے مزار اقبال پر گارڈ آف آنر کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری