پیپلزپارٹی نے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا میدان اپنے نام کر لیا، ایم کیو ایم کو شکست


پیپلزپارٹی نے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا میدان اپنے نام کر لیا، ایم کیو ایم کو شکست

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ نے ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو شکست سے ہمکنار کرکے میدان اپنے نام کرلیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 ملیر میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی کو ایم کیو ایم اور تحریک انصاف پر واضح برتری حاصل رہی۔

تفصیلات کے مطابق، پیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ نے 21 ہزار187 ووٹ حاصل کئے، ایم کیوایم کے وسیم احمد 15 ہزار553 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر جبکہ تحریک انصاف کے ندیم میمن صرف 5 ہزار 580 ووٹ حاصل کر سکے۔

حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا تاہم پولنگ کے دوران جعفر طیار سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے ایم کیو ایم کا پولنگ کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق، پولنگ کے دوران ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان مختلف مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔

دوسری جانب کھوکھرا پار میں ایم کیو ایم کے پولنگ کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

رینجرز نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے گڑ بڑ کرنے والے 8 ملزمان کو حراست میں لے لیا جس میں ایم کیو ایم حقیقی کا سیکٹر انچارج بھی شامل ہے۔

روزنامہ اکسپریس کے مطابق، الیکشن کمیشن کی جانب سے 49 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جب کہ 67 کو انتہائی حساس قراردیا گیا تھا، پولنگ کے دوران پریزائیڈنگ افسران کے علاوہ رینجرز افسران کو بھی مجسٹریٹ کا درجہ حاصل تھا تاکہ پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے ایم کیو ایم کے اشفاق منگی 59 ہزار 811 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے جیتے تھے جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے اشرف سومرو 15 ہزار 158 ووٹ حاصل کر پائے تھے۔ پی ایس پی میں شمولیت کے ساتھ ہی اشفاق منگی نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے یہ نشست خالی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری