خان پور: نماز عید پر خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام/ 2 دہشت گرد ہلاک، دس افراد زخمی


خان پور: نماز عید پر خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام/ 2 دہشت گرد ہلاک، دس افراد زخمی

صوبہ سندھ میں خان پور میں نماز عید کے دوران خود کش حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم دس افراد زخمی جبکہ دو دہشت گرد حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، سندھ  میں پولیس کی بروقت کارروائی نے عید کے موقع پر  دہشت گردی کا بڑا  منصوبہ ناکام بنا دیا۔

خبررساں ادارے اے آر وائی نے اطلاع دی ہے کہ سندھ کے علاقے شکارپور میں نماز عید کے دوران خود کش حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم دس افراد زخمی جبکہ دو حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، شکار پور کی تحصیل خانپور میں چار خود کش بمباروں نے نماز عید کے دوران حملے کی کوشش کی لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

شکار پور میں عیدگاہ کے دوران دو خودکش حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو شکار پور کے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرا خود کش بمبار بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

دوسری طرف شکار پور میں ہی پولیس نے امام بارگاہ پر حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، پولیس نے امام بارگاہ میں داخل ہونے والے دو مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں عید کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

دہشت گرد جند اللہ نے عرصہ پہلے بھی شکارپور میں امام بارگاہ کربلائے معلی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 60 سے زائد شیعہ مسلمان نماز کے دوران شہید ہوئے تھے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی 60 سے زائد تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری