امریکہ یمن میں مزید فوجی کارروائیوں کے لیے تیار ہے


امریکہ یمن میں مزید فوجی کارروائیوں کے لیے تیار ہے

امریکی صدر نے کانگریس کے نام ایک خط میں امریکی جنگی طیاروں کے حالیہ یمن کے ریڈار سائٹس پر کئے گئے حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن یمن کے خلاف مزید فوجی کارروائیوں کے لیے آمادہ ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر نے جمعے کے روز کانگریس کے نام ایک خط میں واشنگٹن کی یمن میں فوجی کارروائی کرنے کی تیاری کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حملے امریکہ کے اپنے دفاع کے لئے ضروری ہیں۔

اوباما نے گذشتہ جمعرات کو یمن کے ریڈار سائٹس پرکئے گئے  امریکی جنگی جہازوں کے حملوں کو محدود اور خطرے کی نوعیت کے لحاظ سے مناسب قرار دیا جو یمن کے ساحل پر ایک امریکی بحری بیڑوں میں سے ایک کی طرف مبینہ میزائل داغنے کے ردعمل کے طور پر کئے گئے تھے۔

اوباما نے اس خط میں لکھا ہے کہ ہمارے حملوں کا رخ انصاراللہ کے زیر کنٹرول ریڈار سائٹس کی جانب تھا اور ابتدائی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریڈار سائٹس تباہ کر دئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس خط میں یمن کی سرزمین  پر امریکہ کی پہلی آشکار اور براہ راست جارحیت کا اعتراف بھی کیا گیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب یمنی فوج اور انصار اللہ فورس کے ترجمان بریگیڈیر جنرل لقمان نے علاقائی سمندر میں امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنا ئے جانے کے امریکی دعوؤں کو مسترد کیا ہے اور امریکی دعوے کی تحقیقات اور قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کسی بھی بین الاقوامی پارٹی کے ساتھ یمنی فوج اور عوامی فورسز کی جانب سے تعاون کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری