قطر کی پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف17تھنڈر خریدنے میں دلچسپی


قطر کی پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف17تھنڈر خریدنے میں دلچسپی

قطرکے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے کہا ہے کہ قطر پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے کا خواہشمند ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، آذربائیجان اور نائیجیریا کے بعد قطر نے بھی پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہےکہ پاکستان، قطر اور ترکی مشترکہ طور پر دفاعی آلات کی تیاری کر سکتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان نے اطلاع دی ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں قطر کے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، قطر اور ترکی کے ساتھ دفاع سے متعلقہ فوجی آلات کی تیاری کے لئے مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے کہا کہ قطر پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے کا خواہشمند ہے۔

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ قطر پاکستان کو اسٹرٹیجک شراکت دار تصور کرتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قطر انسداد دہشت گردی کیلئے تربیتی اکیڈمی قائم کرے گا اور وہاں تربیتی کورسز کیلئے پاکستانی تربیت کاروں کی خدمات اور مہارت سے استفادہ کرے گا۔

انہوں نے خطے میں قیام امن کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی دی گئی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری