ایل او سی پر بھارت کی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ جاری


ایل او سی پر بھارت کی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ جاری

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر مسلسل بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ پاکستانی فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایل او سی پر بھارت کی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ معمول بن چکی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، وادی نیلم کے کیرن سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج کی جانب سے آج صبح سے ہی فائرنگ کی جارہی ہے جبکہ مارٹر گولے بھی برسائے جارہے ہیں جبکہ  پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔

تاہم تاحال دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

شدید فائرنگ کے باعث وادی نیلم کے سیاحتی علاقے کے ہوٹل مالکان، سیاح اور مقامی آبادی خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

یاد رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے اب تک 90 سے زائد مرتبہ سرحد پر جنگ بندی کے قانون کی دھجیاں اڑا چکا ہے۔

جہاں بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوج اور شہریوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے وہیں بھارت کی جانب سے وقفے وقفے سے کی جانے والی گولہ باری کے نتیجے میں پاکستانی املاک کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

جبکہ بھارت کی اس جارحیت کے حوالے سے اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری