اربعین حسینی منانے جوق در جوق قافلے/ امیگریشن پوسٹ میں اسٹاف کی شدید کمی


اربعین حسینی منانے جوق در جوق قافلے/ امیگریشن پوسٹ میں اسٹاف کی شدید کمی

پاکستان بھر سے سفر عشق اربعین حسینی کے لئے قافلوں کی تفتان آمد کا سلسلہ جاری ہے، اطلاعات کے مطابق اس مقدس موقع پر زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو صرفنظر رکھتے ہوئے امیگریشن عملہ کی جانب سے کسی قسم کا خاص اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان بھر سے سفر عشق اربعین حسینی کے لئے قافلوں کی تفتان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو صرفنظر رکھتے ہوئے امیگریشن عملہ کی جانب سے کسی قسم کا خاص اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے جس کے باعث زائرین کئی کئی دن تفتان بارڈر پر کھلے آسمان تلے سردی کے موسم میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ 

درپیش مشکلات میں سرفہرست رہائش کے مناسب سہولیات کا نہ ہونا بھی بتایا گیا ہے۔

پاک ایران بارڈر پر قائم پاکستانی امیگریشن پوسٹ میں اسٹاف کی شدید کمی دیکھی جارہی ہے، جس کی وجہ سے زائرین کو کئی کئی دن انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ اشیائے خورد و نوش کی بھی مناسب سہولیات میسر نہیں ہیں۔

تفتان بارڈر پر موجود زائرین کا تسنیم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امیگریشن پوسٹ میں پراسیسنگ کے لئے صرف ایک اہلکار موجود ہے، جسے ایران سے آنے والے تجارتی قافلوں کو بھی کلیئر کرنا ہوتا ہے اور پاکستان سے جانے والے زائرین کو بھی، جس کے باعث زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے اس سلسلہ میں ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ مسئلہ کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آنے والے دنوں میں زائرین کی مزید بڑھتی ہوئی تعداد کو خوش اسلوبی کے ساتھ ایران میں داخل کیا جا سکے۔

زائرین کے مطابق، ایران پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، تعینات رضاکاروں کی جانب سے زائرین میں نیاز بھی تقسیم کی گئی۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری