ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کے 7 جوان شہید/ بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی


ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کے 7 جوان شہید/ بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

بھمبر سیکٹر پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے پاک فوج کے 7 جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی چوکیاں تباہ اور 15 سے 20 فوجی مارے گئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 7 پاکستانی فوجی شہید ہوئے جس پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا جبکہ 15 سے 20 بھارتی فوجی بھی مار دئیے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے بھمبر سیکٹر پر فائرنگ گزشتہ رات کی گئی تاہم پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارت کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے وہاں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مقبوضہ کشمیر میں اڑی حملے کے بعد سے اب تک لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 178 خلاف ورزیوں میں 19 پاکستانی شہید اور 180 زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے خلاف دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو بھمبر سیکٹر میں 7 پاکستانی فوج کے جوانوں کی شہادت پر طلب کیا ہے۔

پاکستان اس سے قبل بھی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو طلب کر کے شدید احتجاج کر چکا ہے۔

خیال رہے کہ دفاعی تجزیہ کاروں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کو غیر اعلانیہ جنگ قرار دے دیا ہے۔

جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فوج لائن آف کنٹرول پر ملک کے دفاع کے لیے کھڑی ہے،بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہید جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، اپنے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری