نظر بندی اور ای سی ایل کے بعد حافظ سعید کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل


نظر بندی اور ای سی ایل کے بعد حافظ سعید کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل

پنجاب حکومت نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید اور ان کے ایک قریبی ساتھی قاضی کاشف سمیت ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے نام انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کے قانون کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کردیئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے وفاقی وزارت داخلہ کے حکم پر جماعت الدعوۃ کے سربراہ کا نام اس فہرست میں شامل کیا، جس میں پہلے سے 1450 افراد کے نام موجود ہیں۔

جماعت الدعوۃ کے تین دیگر افراد جن کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گیے ہیں، میں فیصل آباد سے عبداللہ عبید، اور مرید کے میں موجود مرکزِ طیبہ سے ظفر اقبال اور عبدالرحمٰن عابد شامل ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ نے ان  افراد کو جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سرگرم رکن قرار دیتے ہوئے سی ٹی ڈی کو ان کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ حافظ سعید کو 30 جنوری 2017 کو 6 ماہ کے لئے ان کے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا اور اس کے ایک روز بعد ہی ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا۔

 حافظ سعید کی نظر بندی پر ان کی جماعت اور دیگر اتحادیوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کرنے کیلئے مظاہروں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

دوسری جانب حافظ سعید مسلسل یہ موقف اختیار کئے ہوئے ہیں کہ بھارت اور امریکہ کے ایماء پر ان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری