پاکستان کا افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج


پاکستان کا افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج

چمن بارڈر پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چمن بارڈر پر افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ پاکستانی شہریوں کی شہادت پر پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان فوری طور پر پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ بند کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔  

اگر افغانستان فائرنگ کا سلسلہ بند نہیں کرے گا تو پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب باب پاکستان چمن کے تعلیمی ادارے آج دوسرے روز بھی بند ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے سرحدی علاقے چمن میں افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 7 شہری جاں بحق جبکہ فرنٹیئر کورپس (ایف سی) اہلکاروں سمیت24 افراد زخمی ہوگئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری