وزیر داخلہ اگر شیعہ جوانوں کو بازیاب نہیں کرواسکتے تو استعفیٰ دیدیں، سربراہ ایم ڈبلیو ایم


وزیر داخلہ اگر شیعہ جوانوں کو بازیاب نہیں کرواسکتے تو استعفیٰ دیدیں، سربراہ ایم ڈبلیو ایم

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے.

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نشترپارک کراچی میں منعقدہ استحکام پاکستان اور امام مہدی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے،دنیا میں کتنی جنگیں شروع کیں لاکھوں بے گناہ عوام کاقتل عام کیا، امریکی نظام حکومت دنیا کو تباہ و برباد کررہا ہے، جہاں پر ظلم ، کرپشن ہے اُس کے پیچھے امریکہ ہے، پاکستان کی عوام مجبور ہیں کیونکہ یہ نظام امریکی نظام ہے ہمارے ملک کے حکمران اور منافقین امریکہ کے ساتھ ہیں، ظہور امام کا دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہے، پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکا ہے، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ اور استقامت نہیں چھوڑی، پاکستان کو ایک نئے دلدل میں لے جاناچاہتے ہیں، ضیاء الحق جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا ،ملک کو تباہ وبرباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا،اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جارہا ہے یہہ ہمارے ملک ، فوج اور عوام کے دشمن ہیں، ہماری فوج کو تقسیم کرنے کے لیے اس الائنس میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ہم پاکستان کی جانب سے 39ممالک کے الائنس میں جانے کی مخالفت کرتے ہیں۔

کانفرنس سے وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفری نقوی ، علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ امین شہیدی مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین ، علامہ مختارامامی ، مقصود علی ڈومکی ، علامہ علی رضوی ، علامہ باقر عباس زیدی ، علامہ اقتدار حسین نقوی ، علامہ اقبال بہشتی ، علامہ ظہیر الحسن ، علامہ برکت علی مطہری ، علامہ طالب حسین ہمدانی ، علامہ مبشر حسن اور علی حسین نقوی سمیت دیگر نے خطاب کیا ، کانفرنس کے دوسرے سیشن میںولادت حضرت امام مہدی کی مناسبت سے جشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے علامہ اعجاز بہشتی ، ڈاکٹر ماجد رضا عابدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ شعرائے کرام نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے اوپر حملے کیئے جاتے ہیں کیونکہ ہم اس ملک کی سلامتی کے لیے لڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قوم کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، دہشتگردوں کے کیس کو فوجی عدالتوں میں لے جایا جائے، ہمیں اُمید تھی کہ قاتلوں کو سزا ہوگی لیکن افسوس کہ تکفیریوں کو رعایت دی گئی، ہمارے حکمران اور ریاستی عدالتیں سب خاموش ہیں ، ہم مایوس نہیں ہوں گے، علامہ راجہ ناصرعبا س نے کہا کہ ملک بھر میں ہمارے جوانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، خواتین کی بے حرمتی اور چادر وچاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں ، اگر اُن کا کوئی گناہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، یہ ظلم اب رکنا چاہیے، مجلس وحدت کے سربراہ نے کہا کہ مجھے پاکستان کی بااختیار عدالتوں ، آرمی چیف، چیف جسٹس سے اُمید ہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کارروائی کی جائے گی ۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے ملک بھر میں جلوس عزاء اور مجالس پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، نیشنل ایکشن پلان غلط سمت میں جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ جن دہشت گردوں نے پاکستان کے استحکام کو داو پر لگایا اور ریاستی اداروں ہمارے قانون نافذکرنے والے اداروں کے جوانواں اور ہزاروں پاکستانیوں کا قتل کیا ان کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ، انہوں نے دہشت گرد قاتل احسان اللہ احسان کو ہیروبناکرپیش کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ ہمارے حکمران احمق ہیں یا ان کے ساتھی، ڈان نیوز لیکس کے معاملے پر نوازشریف نے ملکی سلامتی کو داو پر لگایا ہے وہ فوری طور پراستعفی دیں، ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلارہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں ، پاکستان میںظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا شعوری استعمال کریں اور آنے والے الیکشن میں اُس شخص کو ووٹ دیں جو بھارت، اسرائیل ، امریکہ اور آل سعود کے خلاف ہو۔

آخر میں انہوںنے لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیر داخلہ اگر شیعہ جوانوں کو بازیاب نہیں کرواسکتے تو استعفیٰ دیدیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری