پاکستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ؛ کراچی، حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی، موبائل سروس معطل


پاکستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ؛ کراچی، حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی، موبائل سروس معطل

پاکستان میں آج یوم شہادت مولا علی علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آج یوم شہادت مولا علی علیہ السلام کے موقع پر پاکستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی اور حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ موبائل سروس بھی معطل رہے گی۔

سندھ حکومت کی جانب سے یوم علی علیہ السلام کے موقع پر کراچی اور حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق گذشتہ شب بارہ بجے سے ہوگیا ہے۔

اسی طرح کراچی میں موبائل سروس بھی معطل رہے گی۔

دوسری جانب کثیر المنزلہ عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے، جلوسوں کے راستے پر موجود دکانوں کو سیل کر کے اطراف کی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جلوس کی گزرگاہ کی سوئیپنگ کرے گا۔  

اس زمرے میں کتوں سے بھی مدد لی جائے گی ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عزاداران کی حفاظت کے لئے پنڈی میں 2000،  کراچی میں 5500،  لاہور میں7 ہزار جبکہ کوئٹہ میں 8 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ایس ایس پی سول لائن لاہور علی رضا کا کہنا ہے کہ دربار بی بی پاک دامن پر ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس اطلاع کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دربار سے ملحقہ علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن بھی ہوا جس میں دربار کو بند کروا کر گھروں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے دربار کے قریب تمام دکانوں کا معائنہ کیا۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری