برج الٹ گئے، تاج اچھل گئے / بھارت کی بدترین شکست، پاکستان کی تاریخی فتح + تصاویر


برج الٹ گئے، تاج اچھل گئے / بھارت کی بدترین شکست، پاکستان کی تاریخی فتح + تصاویر

پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں دفاعی چیمپئین بھارت کے غرور کو روند کر تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق 25 سال بعد تاریخ نے ایک بار پھر خود کو دہرایا اور 1992 کے 22 رمضان کی طرح 2017 کے 22 رمضان کو بھی پاکستان کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں بھارت کو 339 رنز کا سب سے بڑا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں بھارتی سورما بری طرح ناکام ہوئے اور شاہینوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کو 158پر پویلین کی راہ دکھا کر 181 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔

339 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں جب بھارتی اوپنر بلے باز میدان میں آئے تو محمد عامر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

پہلے ہی اوور میں محمد عامر کی بہترین بال پر روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور بھارت کو کھاتا کھولے بنا ہی پہلی وکٹ گنوانا پڑ گئی۔

محمد عامر کے ہی دوسرے اوور میں اظہر علی نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کردیا لیکن اگلی ہی گیند پر کوہلی شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے اور بھارت کی دوسری وکٹ صرف 6 رنز پر گری۔

9 ویں اوور میں بھارت کا اسکور جب 33 پر پہنچا تو محمد عامر نے ہی شکھر دھون کو 21 رنز پر چلتا کردیا۔ وہ وکٹ کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

12 ویں اوور کی آخری گیند پر شاداب خان نے یووراج سنگھ پر ایل بی ڈبلیو کی جاندار اپیل کی لیکن امپائر نے آوٹ دینے سے انکار کردیا جس پر کپتان سرفراز نے امپائر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ریویو لیا اور تھرڈ امپائر نے یووراج کو 22 رنز پر آوٹ قرار دے دیا۔

کھیل کے 14 ویں اوور میں حسن علی نے سابق بھارتی کپتان دھونی کو صرف 4 رنز پر چلتا کردیا۔ دھونی کا کیچ عماد وسیم نے پکڑا۔

72 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان نے جادھو کو 9 رنز پر ڈریسنگ روم کی راہ دکھا دی۔

بھارت کی جانب سے ساتویں نمبر پر کھیلنے والے ہاردک پانڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 76 رنز بناکر نمایاں رہے تاہم وہ بھی 152 اسکور پر حسن علی کی گیند پر رن آوٹ ہوگئے۔

156 رنز کے مجموعی اسکور پر جنید خان نے جڈیجا کو 15 رنز پر آوٹ کردیا جب کہ اس کے فوری بعد حسن علی نے ایشون کو صرف ایک رن پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد حسن علی نے بھمرا کو صرف ایک رن پر میدان بدر کردیا اورتاریخ بدل گئی۔

پاکستان نے پہلی بار چیمپئینز ٹرافی بلند کر کے قوم کو عید کا تحفہ دے دیا اور اس شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ ٹیم اوول اسٹیڈیم میں سربسجود ہوگئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور حسن علی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جب کہ شاداب خان نے 2 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اپنی پہلی اور شاندار سنچری بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جب کہ دوسری جانب حسن علی کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں لینے پر گولڈن بال اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری