"ویلکیج"؛ اردبیل میں موسم خزان کے دلکش نظارے + ویڈیو اور تصاویر


"ویلکیج"؛ اردبیل میں موسم خزان کے دلکش نظارے + ویڈیو اور تصاویر

اردبیل شمالی ایران میں واقع ایک صوبہ ہے جو اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے، نیز ایران، قفقاز اور ایشیائے صغیر کی تاریخ پر اس خطے کے لوگوں نے بہت اہم نقوش چھوڑے ہیں جن کے اثرات تا حال اس تمام منطقے میں محسوس کیے جاتے ہیں۔

خبررساں ادارہ تسنیم: اسلامی جمہوری ایران کے شمال مغرب میں واقع صوبہ اردبیل سرسبز و شاداب وادیوں سے بھرا ہے یہاں ایران سمیت مختلف ممالک سے سیاح موسم گرما ہو یا خزاں یا سرما یہاں سیر کرنے آتے ہیں اور اردبیل کے خوبصورت شہروں اور دیہاتوں کے فطری حسن سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اردبیل میں موسم خزاں کے آغاز کے ساتھ ہی درختوں کے پتوں کا رنگ ہرے سے پیلے، سرخ اور نارنجی میں تبدیل ہوگیا ہے۔

اردبیل  کے یہ دلکش نظارے یقیناً آپ کو اپنے سحر میں مبتلا کردیں گے۔

صوبے بھر میں خزاں کے خوبصورت رنگ بھی بکھرے دکھائی دے رہے ہیں۔ کہیں درختوں نے زرد پتوں کا پیراہن اوڑھا ہوا ہے تو کہیں خاکستری پتے جھڑکرزمین پر بچھے ہیں لیکن آپ مختلف جگہوں میں اب بھی سبزہ موجود ہے اور کیاریوں میں پھول بھی کھلے ہیں۔

موسم خزاں میں اردبیل کے جنگلات سرخ اور سنہری چادر اوڑھ  لیتے ہیں۔

خزاں کےموسم کو ویسے تو اداسی سے منسوب کیا جاتا ہے مگر یہ سب کو معلوم ہے کہ اگر انسان کے اندر کا موسم سہانا اور خوشگوار ہو تو پھر کیا خزاں اور کیا بہار، سارے موسم سہانے ہوجاتے ہیں۔

ویلکیج نامی گاؤں شمالی مشرقی اردبیل میں واقع ہے۔ قدرتی حسن کی وجہ سے سالانہ ہزاروں سیاحوں کو اپنی طرف جلب کرتا ہے، یہ علاقہ پہاڑوں، ٹیلوں اور سرسبز و شاداب درختوں سے بھرا ہوا ہے۔

یہاں کے میکنوں کا کہنا ہے کہ ویلکیج کا معنی پہاڑوں میں گھیرے ہوئے شہر کو کہتے ہیں چونکہ یہ پورا علاقہ کوہستانی ہے اس لئے اس کو ویلکیج کہا جاتا ہے۔

اردبیل صوبے کی ایک اہم بات یہ ہے کہ یہاں کئی خوبصورت وادیاں ہیں، یہاں کے لوگ خوش مزاج اور مہمان نوازی میں کافی مشہور ہیں۔ اگرچہ ان علاقوں کے ناموں کے متعلق واضح تاریخی وجوہات تو دستیاب نہیں لیکن یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ وہ نہایت مہمان نواز ہیں۔ ان علاقوں میں قدرتی آبشاروں، ہرے بھرے درختوں اور بلند پہاڑوں کی کثرت ہے اور کئی تاریخی مقامات بھی واقع ہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ اردبیل (فارسی: استان اردبیل) ( انگریزی: Ardabil Province) ایران کا شمال مغربی صوبہ ہے جس کا رقبہ 17,800 مربع کلومیٹر اور آبادی 2005ء کے تخمینہ کے مطابق لگ بھگ 1,257,624 ہے۔ علاقہ آذری لوگوں یا آذربائجان کی زبان بولنے والوں سے آباد ہے۔

تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے بھی صوبہ آذربائجان سے بہت قریب ہے۔ اردبیل کی سرحدیں مملکت آذربائجان اور ایرانی صوبہ آذربائجان شرقی، صوبہ زنجان اور صوبہ گیلان سے ملتی ہیں۔ صوبائی مرکز یا صدر مقام اردبیل ہے۔

یاد رہے کہ اردبیل کو 1993ء میں مشرقی آذربائیجان صوبے کو تقسیم کرکے الگ صوبے کا درجہ دیا گیا تھا۔

موسم کے لحاظ سے یہ صوبہ ایران کے خوشگوار ٹھنڈے علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں گرمیوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 درجہ سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے اور یہ صوبہ گرمیوں کے موسم میں ایرانی اور غیر ملکی سیاحوں کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔ سردی کا موسم زیادہ سرد ہوتا ہے جہاں درجہ حرارت منفی 25 درجہ سینٹی گریڈ تک بھی گر جاتا ہے۔

صوبائی صدر مقام اردبیل کے علاوہ صوبہ کے دیگر اہم شہروں میں پارس‌آباد، خلخال، مِشگین ‌شهر شامل ہیں۔

ترتیب و پیشکش: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری