گروپ رینالٹ اور الفطیم کے درمیان پاکستان میں اہم معاہدوں پر دستخط


گروپ رینالٹ اور الفطیم کے درمیان پاکستان میں اہم معاہدوں پر دستخط

گروپ رینالٹ اور الفطیم نے آج پاکستان میں رینالٹ گاڑیوں کی اسمبلی اور ڈسٹری بیوشن کے معاہدوں پر دستخط کرنے کااعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق گروپ رینالٹ کے لئے یہ لمحہ باعث مسرت ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی چھاپ کو پاکستان میں بھی نمایاں کرنے جارہی ہے۔ پاکستان ایک تیزی سے اْبھرتی ہوئی معیشت ہے ۔ آٹو موٹیو صنعت کے جانے پہچانے پروفیشنل نام الفطیم کے ساتھ شراکت داری کرنے کا مقصد گروپ رینالٹ کا پاکستان میں بطور اہم کمپنی اْبھرنا ہے۔

اس موقع پر رینالٹ گروپ کے سینئر نائب صدر ، چیئر مین برائے افریقہ ، مشرق وسطی انڈیا ریجن ، جناب فیبرس کیمبالیو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کے صارفین کواپنی جدید ترین مصنوعات اور کٹنگ ایج ٹیکنالوجی متعارف کروائیں اور مارکیٹ میں حفاظت اور اعلیٰ معیار کے نئے درجات قائم کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الفطیم آٹو موٹیو کے صدر لین ہنٹ نے کہا کہ پاکستان200ملین آبادی پر مشتمل ایک اہم معیشت ہے اورایک متحرک مڈل کلاس سے مزین ہے۔ ہم ان صلاحیتوں کے حامل ملک کی معیشت میں گروپ رینالٹ کو متعارف کروانے پر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔ گروپ رینالٹ گاڑیاں بنانے والی دنیا کی اولین کمپنیوں میں سے ایک ہے اور یورپ کی صف اول کی کمپنی ہے جو اب پاکستان میں اپنی مصنوعات متعارف کروارہی ہے۔ ہم پاکستان کے آٹو سیکٹر اور صارفین کے لئے حقیقی ویلیو ایڈیشن کرنے کا جتن کریں گے اور پاکستان میں عالمی سطح کی تنظیم بنانے کی بھرپورکوشش کریں گے۔الفطیم گروپ ،گروپ رینالٹ کے ساتھ بہت طویل اور کامیاب شراکت داری کی امید رکھتا ہے۔

معاہدوں کی رو سے گروپ رینالٹ ملک میں اپنی جدید مصنوعات اور تکنیکی مہارت لیکر آئے گا جبکہ الفطیم گروپ اپنی نئی ماتحت کمپنی الفطیم آٹوموٹیو پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے ذریعے نیا اسمبلی پلانٹ قائم کرے گا اور ملک بھر میں گاڑیوں کی ڈسٹری بیوشن سرانجام دے گا۔ االفطیم کے 29 ممالک میں کئی کاروبار کامیابی سے چل رہے ہیں جن کی بنیاد پر گروپ اپنا ایک منفرد اور اعلیٰ مقام حاصل کرچکا ہے۔ ساتھ ہی گروپ کو صارفین کے ساتھ روابط کی بنیاد پر اْن کو اعلیٰ سروسز اور سہولیات دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ الفطیم کے عالمی آٹو موٹیو آپریشنز دنیا بھر کی گیارہ مارکیٹس میں جاری و ساری ہیں جن میں مشرق وسطی، افریقہ، جنوبی ایشیا اور اب پاکستان شامل ہیں۔ پاکستان یقیناً کئی حوالوں سے اہم اور کلیدی ہے کیونکہ یہاں بھرپور مواقع میسر ہیں۔ اس کی ایک وجہ ملک کی نئی آٹو موٹیو ڈولپمنٹ پالیسی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری