افغان تارکین وطن کا واپس اپنے ملک جانے سے انکار، پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کا مطالبہ


افغان تارکین وطن کا واپس اپنے ملک جانے سے انکار، پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کا مطالبہ

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں افغان پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان چھوڑ کر افغانستان نہیں جاسکتے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں رہائش پذیر افغان تارکین وطن کا کہناہے کہ افغانستان میں امن کے قیام اور زندگی معمول پر آنے تک پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کی جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق افغان مہاجرین کی نمائندگی کرنے والی کمیٹی کے سربراہ محمد سعید ہاشمی نے پشاور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے واپسی کی ڈیڈلائن کے بعد سے افغان شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ تب تک افغانستان واپس جانے کے لیے تیار نہیں ہیں جب تک افغان حکومت انہیں جان و مال کے تحفظ، رہائش، روزگار، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کا یقین نہیں دلا دیتی۔

انہوں نے کہا کہ جبری اور بغیر منصوبہ بندی کے افغان پناہ گزینوں کی واپسی ان کے مصائب میں مزید اضافہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو افغان پناہ گزینوں کو بے دخل نہیں کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

انہوں نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن کی بحالی تک پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی طریقہ کار کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔

اس حوالے سے ایک افغان مہاجر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال ناگفتہ بہ اورغیر مستحکم ہے کابل حکومت کے پاس افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے کوئی منصوبہ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ اگلے ایک ماہ کے اندر پاکستان میں قائم اپنا کاروبار چھوڑ کر واپس چلے جائیں۔

افغان بزرگ ارسلہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 25 لاکھ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب افغانستان میں سردیوں کا موسم اپنے عروج پر ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے اور افغانستان حکومت کے پاس واپس آنے والوں کے لیے کوئی پلان نہیں ہے تو پناہ گزینوں کو بے دخلی کے حوالے سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 25 لاکھ سے زائد افغان تارکین وطن کئی عشروں سے آباد ہیں۔ پاکستانی سیاسی اور اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین ملک میں دہشت گردی اور بے روزگاری کا باعث بنے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ غیرملکی تارکین وطن بستے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری