شہباز شریف سمیت لیگی قیادت نے نواز شریف اور مریم کو دھوکا دیا، اعتزاز احسن


شہباز شریف سمیت لیگی قیادت نے نواز شریف اور مریم کو دھوکا دیا، اعتزاز احسن

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے شہباز شریف اور ن لیگی قیادت پر نواز شریف اور مریم نواز کیساتھ دھوکے کا الزام عائد کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اپنے ایک بیان میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو چاہیے تھا کہ ایئر پورٹ کے ناکے تک ضرور پہنچتے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس طرح سابق وزیراعظم شاہد خاقان، شہباز شریف اور سعد رفیق ایئرپورٹ پہنچ ہی نہ سکے؟

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا ثناءاللہ اور خرم دستگیر نے بھی نواز شریف کو تن تنہا چھوڑا، ان رہنماؤں کو اندر جانے سے کوئی نہ روکتا، سب نوازشریف سے ہاتھ ملاتے لیکن نواز شریف اور مریم کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہوئی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ن لیگی قیادت نے سازش کے تحت اپنے آپ کو غائب رکھا، خواجہ سعد رفیق لوہے کے چنے چبانے والا غائب رہا، نظر ہی نہیں آیا، پہنچا تو مشاہد اللہ خان پہنچا، جس پر انہیں داد دیتا ہوں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے نواز شریف کو بلا کر منظر سے ہٹا دیا ہے اور انہیں پھنسا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنا دھوکہ اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا جو نواز شریف اور مریم کے ساتھ دیکھا۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ وہ ہوا جو 1757 کی جنگ پلاسی میں میر جعفر نے سراج الدولہ کے ساتھ کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری