سعودی عرب سمیت87 ممالک کے جیلوں میں 11 ہزار 803 پاکستانی قید، وزارت داخلہ کا اہم انکشاف


سعودی عرب سمیت87 ممالک کے جیلوں میں 11 ہزار 803 پاکستانی قید، وزارت داخلہ کا اہم انکشاف

وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ سمندرپار سعودی عرب سمیت 87 ملکوں کے جیلوں میں 11 ہزار 803 محب وطن پاکستانی حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک قید پاکستانیوں سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت محکمہ داخلہ کی جانب سے بیرون ملک قید پاکستانیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کی تفصیلات میں یہ بات سامنے آئی کہ بیرونی ممالک میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 82 ہزار 5 سو 18 پاکستانی رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر کے 87 ممالک میں کل 11 ہزار 803 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں جبکہ سب سے زیادہ سعودی عرب میں 2 ہزار 937 پاکستانی قید ہیں۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت میں 10 ہزار پاکستانی رہائش پذیر ہیں، تاہم ان میں سے 582 افراد جیلوں میں قید ہیں۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک افغانستان میں 177 جبکہ ایران میں 186 ایسے پاکستانی ہیں جو وہاں کی جیلوں میں موجود ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین میں 242 جبکہ امریکا میں صرف 2 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق دنیا میں 20 ایسے ممالک ہیں جہاں ایک بھی پاکستانی قید نہیں ہیں۔
دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے وزارت خزانہ سے 35 ہزار ڈالر کا فنڈ مانگا گیا ہے، تاہم پاکستانیوں کی رہائی میں مختلف محکمے اور ممالک شامل ہیں،جس میں مزید وقت درکار ہے۔
بعد ازاں عدالت نے رپورٹ پیش کرنے کے بعد فریقین کے وکلاء کو بحث کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سینیٹ میں وزارت خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کی مختلف جیلوں میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ 18-2017 کے درمیان خلیجی ممالک میں 6 ہزار 4 سو 50 پاکستانیوں کو جیل ہوئی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق 2 ہزار 9 سو 70 پاکستانی، سعودی عرب، 2 ہزار 6 سو پاکستانی، متحدہ عرب امارات، 6 سو 57 عمان، ایک سو 28 بحرین، 54 قطر، 38 کویت جبکہ 3 یمن کی جیلوں میں قید ہیں۔
خیال رہے کہ بیرون ملک محب وطن پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار اپنے شہریوں کے دفاع کے لئے کوئی کام نہیں کرتے جس کی وجہ سے پاکستان بدنام ہورہا ہے۔
مختلف ممالک کے جیلوں میں پاکستانی کئی سالوں سے قید کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں لیکن ان کا دفاع کرنے والا کوئی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ بعض ممالک میں قیدیوں کو وکیل تک رسائی بھی نہیں ملتی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری