تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم پر فائرنگ، متعدد افراد زخمی


تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم پر فائرنگ، متعدد افراد زخمی

کورنگی مہران ٹاؤن میں کے ڈی اے کی ٹیم پر مشتعل افراد نے پتھراؤ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایاہے کہ، کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے دوران کے ڈی اے کی ٹیم پر حملہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد شہرقائد میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متعدد علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کرنے والی ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے ڈی اے کی ٹیم علاقے میں پہنچی تو مشتعل افراد نے ٹیم پر پتھراؤ شروع کردیا،  پتھراؤ سے میڈیا اور پولیس کی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

مظاہرین نے 2 دکانوں سمیت 5 موٹر سائیکل اور 2 گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا، جب کہ نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس اور کے ڈی اے ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی۔

مظاہرین اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، شدید فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، جب کہ مظاہرین میں بھگڈر مچنے سے بھی متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حالات کشیدہ ہونے کے باعث کے ڈی اے کی ٹیم کو آپریشن معطل کرنا پڑا۔

 پولیس اور رینجرز کی مظاہریں کو منتشر کرنے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس کی مزید بھاری نفری مہران ٹاون کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب  آئی جی سندھ  ڈاکٹر کلیم امام نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران رہائشی آبادی کے احتجاج اور فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ وقوعے کے تناظر میں قواعد اور ضوابط میں رہتے ہوئے ہوئے قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں قانون پسند شہریوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری