صوبہ سندھ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، محکمہ موسمیات


صوبہ سندھ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، محکمہ موسمیات

محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  پاکستان کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کراچی میں آج بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں درجہء حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ لاہور، راولپنڈی شمالی اور وسطی پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد موسم بہتر ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔

مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران سبی سب سے زیادہ گرم مقام رہا جہاں درجہء حرارت48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نورپور تھل میں 47 ، تربت، دادو اور بہاولنگر میں درجہء حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ ریکارڈ کیا جانے والا درجہء حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

کراچی میں 36، لاہور میں44، پشاور میں 37، مظفر آباد میں 34، گلگت میں19، فیصل آباد میں44، ملتان میں33، اور حیدر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری