سوڈان: ایک اور بغاوت ناکام، 12 افسران گرفتار


سوڈان: ایک اور بغاوت ناکام، 12 افسران گرفتار

12 افسران کو گرفتار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکمران عسکری قیادت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک اور بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سوڈان میں پہلی بغاوت کے بعد اقتدار پر قابض عسکری قیادت نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایک اور بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں 12 افسران کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکمران عسکری قیادت نے کہا کہ بغاوت کی کوشش کرنے والے فوج اور سیاسی جماعتوں میں ہونے والی مفاہمت سے ناخوش تھے۔

خیال رہے کہ سوڈان میں گزشتہ برس دسمبر سے حالات کشیدہ ہیں۔ عوام نے مہنگائی کی وجہ سے اْس وقت کی حکمران جماعت کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا اور حکمران جماعت کے ہیڈکوارٹر کو نذر آتش کردیا تھا۔

آہستہ آہستہ 26 برس تک اقتدار میں رہنے والے صدر عمر البشیر کے خلاف عوامی غصہ مزید بڑھ گیا اور پرتشدد مظاہروں میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد رواں برس اپریل میں فوج نے ملکی کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا۔

اب مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کرنے والے سوڈانی عوام نے اپنے احتجاج کا رخ فوجی آمریت کی طرف موڑ دیا ہے۔

سوڈان میں لوگ سول انتظامیہ کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے آئے دن مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری