حکومت کا اپوزیشن کے 246 رہنماؤں کو نظر بند کرنے کا حکم


حکومت کا اپوزیشن کے 246 رہنماؤں کو نظر بند کرنے کا حکم

حکومت نے مسلم لیگ ن پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت 246 ارکان کو 30 روز تک نظر بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پنجاب حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور نے اپوزیشن جماعتوں خصوصا مسلم لیگ ن کے 246 سرگرم کارکنوں کی فہرست بھی تیار کر کے انہیں 30 روز تک نظر بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام کو احتجاج پر اکسانے کے الزام میں ان عہدیداروں کو شرپسند قرار دیتے ہوئے ایک ماہ کے لئے نظر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے ایم این ایز، ایم پی ایز، یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کے نام شامل ہیں جنہیں 30 دن کے لئے نظر بند کردیا جائے گا۔
جن رہنماؤں کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے اُن میں ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، سابق ایم پی اے حاجی اللہ رکھا، حبیب اعوان، زین شوکت بٹ، ایم پی اے میاں نصیر احمد، سہیل شوکت بٹ و دیگر اہم رہنما اور کارکن شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے سرگرم لیگی کارکنوں کی فہرست پولیس کے حوالے کردی ہے جبکہ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو مذکورہ عہدیداران نے مال روڈ پر احتجاجی ریلی کے انتظامات کئے تھے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لیگی عہدیداران کی نظر بندی کا مقصد آئندہ کسی احتجاج کو روکنا ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی قریبا تمام سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئےملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں حکومت کے خلاف جلسے کیئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری