بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو میں نرمی کا اعلان


بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو میں نرمی کا اعلان

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آج شام گذشتہ 11 روز سے نافذ کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد شدید عوامی رد عمل سے بچنے کے لیے بھارت نے مقبوضہ وادی میں گذشتہ 11 روز سے کرفیو لگا رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو میں نرمی جمعرات کی شام کے بعد کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کرفیو میں نرمی کے باوجود ٹیلی فون لائنیں منقطع رہیں گی۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں حالات ٹھیک ہونے تک انٹرنیٹ سروس بھی بحال نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آج 15 اگست کو بھارت جشن یوم آزادی منا رہا ہے اور اس موقع پر قابض بھارتی انتظامیہ نے پورے مقبوضہ وادی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں تاہم جشن آزادی کی تقریبات کے بعد کرفیو میں بتدریج نرمی کا اعلان کیا ہے۔

طویل کرفیو اور مواصلاتی پابندیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقبوضہ وادی کے لوگ روز مرہ کی اشیاء حتی کے کھانے پینے کی چیزیں خریدنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقوں تک کی نوبت آ گئی ہے۔

دوسری جانب بیمار اور بزرگ نہ تو اپنے لئے ادوایات کا بندوبست کرسکتے ہیں اور نہ ہی ہسپتال جا سکتے ہیں۔

اسی طرح دوسرے شہروں اور ممالک میں بسنے والے کشمیری، مقبوضہ وادی میں مواصلاتی رابطے معطل ہونے کے باعث اپنے رشتہ داروں سے رابطہ نہ کر پانے کے باعث شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری