پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی اورہلاکتوں پرایران کا اظہار افسوس


پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی اورہلاکتوں پرایران کا اظہار افسوس

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی اورہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی اورہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سواگوار خاندانوں کو تعزیت پیش کی ہے۔

انہوں  نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں حادثے میں متاثر ہونے والے افراد اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کی وجہ سے 74 مسافر جاں بحق، جب کہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ لیاقت پور کے قریب پیش آیا، ریل کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔

یہ ٹرین حادثہ دو گیس سلنڈروں کے پھٹنے کے باعث پیش آیا، مسافروں کی جانب سے ناشتے کی غرض سے غیر قانونی سلنڈر استعمال ہو رہے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان ریلوے میں ناقص انتظامات کی وجہ سےسالانہ اس قسم کے دلخراش واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق اس وقت پاکستان ریلوے کے زیرانتظام پورے ملک میں روزانہ درجنوں چھوٹی بڑی ٹرینیں چلائی جاتی ہیں، مگر کسی بھی ٹرین میں آگ بجھانے کے خاطر خواہ انتظامات نہیں، جبکہ کسی بھی ٹرین میں کوئی ایسا نظام بھی نہیں جو آگ لگنے یا دھواں وغیرہ پھیلنے کی صورت میں فوری طور پر مسافروں اور عملے کو چوکنا کر دے تا کہ وہ مناسب حفاظتی انتظامات کر سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ محکمہ ریلوے کی اسی کوتاہی کا نتیجہ ہے کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ لگنے کے بعد سوئے ہوئے مسافر جاگ ہی نہیں سکے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے لپکتے ہوئے شعلوں کی نظر ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔

اس حوالے سے چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ ترقی یافتہ اور دیگر ممالک کی ٹرینوں کی ہر بوگی میں پورٹیبل ’’ڈرائی کیمیکل پائوڈر‘‘ (ڈی سی آر)کے سلنڈر موجود ہوتے ہیں اور آگ لگنے کی صورت میں انہیں استعمال کرکے ابتداءمیں ہی آگ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اس کا استعمال انتہائی آسان ہے اور اسے ایک عام گھریلو عورت آگ لگنے کی صورت میں اپنے باورچی خانے میں بھی استعمال کرسکتی ہے‘‘۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری