سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق ہوئے، مراد علی شاہ


سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق ہوئے، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بارشوں کے دوران کراچی میں 47 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، شہر میں بارشوں کے باعث صرف گزشتہ روز 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

بارشوں کے دوران حیدر آباد میں 10، میرپور خاص میں 5، لاڑکانہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ ادھر ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روزکراچی میں مختلف واقعات میں 10 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں اقرار کیا کہ اس سال کراچی میں زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، کل کی بارش نے احساس دلایا کہ ابھی کراچی میں مزید کام کرنا ہے، کل کی بارش سے قبل حکومت مطمئن تھی کہ ہم سنبھال لیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا شہر میں نالوں پر قبضے کیے گئے ہیں اور ان پر ہوٹلز بنائے گئے، ایسے بہت سے نالے ہیں جن پر قبضہ ہو چکا ہے اور ان پر تعمیرات ہو چکی ہیں، میں کراچی شہر کی ایک اسٹڈی کراؤں گا اور مسائل حل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ایک اور اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ بھی نالے پر بنا ہوا ہے، یہ ہماری کوتاہی ہے۔

انھوں نے کہا اگست کے مہینے میں کراچی میں 604 ملی میٹر بارش ہوئی، کراچی میں 1931 اور 1977 میں بہت زیادہ بارش ہوئی تھی، جبکہ کراچی میں اوسط بارش 150 ملی میٹر ہوئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری