اربعین حسینی؛ نئے جلوس اور نئی مجلس پرپابندی کا اعلان


اربعین حسینی؛ نئے جلوس اور نئی مجلس پرپابندی کا اعلان

صوبہ پنجاب کےمحکمہ داخلہ نے چہلم امام حسینؑ پر نئے جلوس روکنے کا حکم دیدیا ہے

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، محکمہ داخلہ پنجاب نے چہلم حضرتِ امام حسینؑ کے موقع پر نئے جلوس اور نئی مجلس ہر صورت روکنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ داخلہ نے تمام ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صرف لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس ہی نکالے کی اجازت دی جائے۔

 محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جن کے پاس لائسنس نہیں اُنہیں جلوس نکالنے یا مجلس کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو امن کمیٹیوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پنجاب حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ چہلم حضرتِ امام حسینؑ کے موقع پر سیکورٹی خدشات کو مدںظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے کنٹرول روم فعال کر دیا ہے۔

 کنٹرول روم چہلم کے جلوسوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کی زیرِسربراہی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، کنٹرول روم پولیس اور ڈی سی کے کنٹرول روم سے منسلک ہوگا۔

چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلے میں فل پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور امن وامان برقرار رکھا جائے

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری