گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عدالت میں پیش کیا جائے گا


گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عدالت میں پیش کیا جائے گا

گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا

ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی جانب سے گجرپورہ زیادتی کیس میں گرفتار ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

ملزم عابد ملہی کا پولی گرافک ٹیسٹ اور اایک بارپھرڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ ملزم کی شناخت پریڈ کا عمل اور بیانات قلمبند کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالغفار قیصرانی کا کہنا ہےکہ عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پہنچا دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن تحقیقات کررہے ہیں، تھوڑی دیر میں پریس ریلیز جاری کردی جائے گی۔

موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد نے تفتیش کے دوران کئی انکشافات کیے ہیں۔

مرکزی ملزم عابد ملہی نے بتایا کہ 9 ستمبر کو ہم لوٹ مار کی وارداتوں کے لیے کورول گاؤں سے نکلے تھے۔ گاڑی کے جلتے بجھتے انڈیکٹر دیکھ کر موٹروے کے اوپر چلے گئے۔

خاتون کو دیکھ کر اسے باہر نکلنے کا کہا، انکار پر گاڑی کا شیشہ توڑا اور خاتون سے گھڑی، زیورات اور نقدی لوٹنے کے بعد اسے موٹروے سے نیچے جانے کوکہا۔

خاتون کے انکار پر بچوں کو نیچے لے گئے۔ خاتون بچوں کو بچانے نیچے آئی تو اسے ہوس کا نشانہ بنایا۔ ڈولفن اہلکاروں نے آکر ہوائی فائرنگ کی تو فرار ہوگئے۔

ملزم نے بتایا کہ واردات کے بعد میں ننکانہ اور پھر بہاولپور چلا گیا۔ ایک مہینے کے دوران ماسک پہن کر پبلک ٹرانسپورٹ میں مختلف شہروں میں پھرتا رہا۔ پیسے ختم ہونے پر بیوی سے رابطہ کیا تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

یاد رہے گذشتہ روز لاہور پولیس نے ملزم عابد ملہی تینتیس دن بعد مانگا منڈی سے گرفتار کرلیا تھا ، سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر مانگا منڈی علی ٹاون ملزم کے والد کے گھر چھاپہ مارا جہاں سے ملزم عابد پولیس کے ہتھے چھڑ گیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاون منتقل کردیا تھا۔ مرکزی ملزم عابد کے خلاف مختلف تھانوں میں سولہ مقدمات درج ہیں۔

مرکزی ملزم عابد کے خلاف مختلف تھانوں میں سولہ مقدمات درج ہیں جبکہ کیس میں شریک دوسراملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈپرجیل میں ہے اور وہ پہلے ہی اعتراف جرم کر چکا ہے اور اس کا ڈی این اے بھی میچ ہو چکا ہے۔

واضح رہے نوستمبرکی رات ملزم عابد ملہی نے مبینہ طور پر گجر پورہ لنک روڈ پر بچوں کے سامنےماں کوزیادتی کا نشانہ بنایا تھا، لاہورسےگوجرانوالہ جاتے ہوئے خاتون کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا تھا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے کڑیاں ملاتے ہوئےباہتر گھنٹے میں ملزمان کا سراغ لگایا جبکہ متاثرہ خاتون نے شفقت اور عابد کوشناخت کیا اور مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری