رونالڈینیو اور دیگر بین الاقوامی فٹبالرز کے بعد انگلش فٹبالر جان ٹیری بھی پاکستان آنے کیلئے رضا مند


رونالڈینیو اور دیگر بین الاقوامی فٹبالرز کے بعد انگلش فٹبالر جان ٹیری بھی پاکستان آنے کیلئے رضا مند

انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان جان ٹیری نے آئندہ ماہ جولائی میں بین الاقوامی فٹبالرز پر مشتمل ٹیم کے ساتھ "دوستانہ میچ" میں شرکت کی غرض سے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان میں دوستانہ میچ کی منتظم کمپنی "لیژرز لیگ" نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ کلب "چیلسی" سے تعلق رکھنے والے سینٹر بیک کھلاڑی جان ٹیری آئندہ ماہ جولائی میں کراچی آئیں گے جہاں وہ دوستانہ میچ میں شرکت بھی کریں گے۔

انگلش ڈیفینڈر جان ٹیری نے بین الاقوامی انگلش ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دینے کے علاوہ لیگ فٹبال میں چیلسی کی بھی قیادت کی، تاہم بعد ازاں انہوں نے گزشتہ ماہ ہی سیزن کے اختتام پر چیلسی کو خیر باد کہہ دیا۔

رواں سال کے آغاز میں پاکستان کے ورلڈ گروپ نے برطانیہ میں قائم لیژرز لیگ کی قیادت حاصل کی ہے جو چھوٹے پیمانے پر دنیا بھر میں فٹبال کے مقابلے منعقد کروانے والا ادارہ ہے۔

اس نمائشی میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے فٹبالرز میں برازیلین کھلاڑی اور ورلڈ کلاس اسٹرائیکر روبرٹ و کارلوس، سابق فرانسیسی کھلاڑی و اسٹرائیکر نکولس انیلکا، سابق فرانسیسی فٹبالر روبرٹ پائرس، سابق انگلش گول کیپر ڈیوڈ جیمز، سابق پرتگالی کھلاڑی لوئس بؤا مورتے اور سابق جرمن مڈ فیلڈر جارج بؤاتینگ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں برازیل سے تعلق رکھنے والے سپر اسٹار فٹبالر رونالڈینیو کی قیادت میں ایک ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ کراچی میں دوستانہ میچ بھی کھیلے گی اور جان ٹیری بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری